جنرل باجوہ نے محرم میں سول انتظامیہ سے ملکر اقدامات کی ہدایت کردی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت 234 ویں کور کمانڈرز کانفرنس گزشتہ روز جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء کانفرنس نے جیو سٹریٹجک حالات اور قومی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ فورم نے ایل او سی ، پاک افغان بارڈر اور داخلی سلامتی کے ماحول کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ فورم نے افغان مصالحتی عمل کی پیشرفت کو سراہا اور بین الافغان مکالمہ جلد شروع ہونے کی امید کا اظہار کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی فارمیشنوں کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کووڈ۔19 کے وبائی مرض اور ٹڈی دل کے خطرہ پر قابو پانے کے لئے سول انتظامیہ کی مدد کی تعریف کی۔ انہوں نے کمانڈروں کو ہدایت کی کہ آئندہ محرم کے دوران کووڈ-19 سے بچاؤ کے راہنما اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر عوامی تحفظ کے لئے ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ آرمی چیف نے بلوچستان اور سندھ میں حالیہ سیلاب کے دوران اور بطور خاص کراچی میں سیلاب کے دوران بچاؤ کے اقدامات کیلئے کارروائی اور اقدامات کی بھی تعریف کی۔ آرمی چیف نے سیلاب کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر چوکس رہنے اور فعال اقدامات کرنے پر زور دیا۔