ایف اے ٹی ایف سے متعلق قانون سازی کے معالہ پر اہم پیش رفت
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے متعلق قانون سازی کے معالہ پر اہم پیش رفت, چار قوانین میں ترامیم کے حوالہ سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ کمپنیز ایکٹ لمیٹڈ ،لائبلٹی پارٹنرشپ ایکٹ میں ترامیم پر اتفاق کر لیا گیا ہے جبکہ انسداد دہشت گردی ایکٹ اور نارکوٹکس ایکٹ میں مزید ترامیم پر اتفاق رائے کر لیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن کے جو رہنما قانون سازی کے عمل میں شریک ہیں انہوں اس قانون سازی کے حوالہ سے حکومت سے ڈرافٹ مانگ لئے ہیں تاکہ اپنی قیادت سے ان پر مزید مشاورت کر سکیں۔ چاروں بل منظوری کے لئے جلد پارلیمنٹ میں پیش کئے جائیں گے جبکہ ضابطہ فوجداری، اینٹی منی لا نڈرنگ ، وقف اور ٹرسٹ کے قوانین کے حوالہ سے ابھی تک اتفاق رائے نہیں ہو سکا اور ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ایف اے ٹی ایف کے حوالہ سے کل 11قوانین میں ترامیم ہونا تھیں ۔ اب تک تین قوانین منظور ہو چکے ہیں جبکہ چار منظور ہونے جارہے ہیں اور ان پر اتفاق ہے جبکہ مزید چار قوانین پر ابھی ڈیڈ لاک برقرار ہے۔