سرکاری اور نجی اداروں نے تقریبات کا شیڈول جاری کردیا
میرپورخاص‘ حیدرآباد‘سکھر‘ نواب شاہ (بیورو رپورٹ‘ نامہ نگاران)جشن آزادی کی تیاریاں مکمل ہوگئیں۔ ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زاہد حسین میمن نے کہا ہے کہ زندہ قومیں ہمیشہ اپنا آزادی کا دن جوش وخروش سے مناتی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں 14 اگست یوم آزادی پاکستان منانے کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا انہوں نے بتایا کہ جشنِ آزادی کی مرکزی تقریب 14اگست کو کمشنر کمپلیکس میں منعقد کی جائے گی کمشنر میرپورخاص عبدالوحید شیخ مہمان خصوصی ہوں گے صبح08:55بجے پرچم کشائی ہوگی ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کم ہواہے تاحال ختم نہیںہوا ہے اس لئے جشن آزادی کے پروگراموں میں حکومت کی ہدایات(ایس اوپیز ) کا خاص خیال رکھا جائے ضلع ہیڈ کوارٹر سمیت تمام تعلقوں میں مخصوص سرکاری ونجی اسکولوں و کالجوں میں مخصوص پروگرام کرائے جائیں اوران کی فہرست ضلع انتظامیہ کو فراہم کی جائے انہوں نے چیف میونسپل آفیسر کو ہدایت کی کہ 14اگست سے قبل شہر میں صفائی ستھرائی کرائی جائے جن مقامات پر گند کچرہ موجود ہے وہاں سے جلد اٹھایا جائے ۔اس موقع پر پاک آرمی اورپولیس کی جانب سے سیکورٹی کے حوالے سے مکمل تعاون کا یقین دلایا گیا اجلاس میںبتایا گیا کہ یوم آزادی پر ہسپتالوں اور جیلوں میں مٹھائی اورپھل تقسیم کئے جائیں گے اس موقع پر متعلقہ افسران نے جشن آزادی کے پروگراموں میں ایس اوپیز پر عمل درآمد کرانے کا یقین دلایا اس موقع پر بتایا گیا کہ 13اگست کی شب نجی ہوٹل میں آل پرائیویٹ اسکول ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام اردو سندھی مشاعرہ منعقد کرایا جائے گاجس میں اردوسندھی زبان کے شعراء کرام حصہ لیںگے ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زاہد حسین میمن مہمان خصوصی ہونگے جبکہ نجی وسرکاری اسکولوں و کالجوں میں مخصوص پروگرام سمیت تقریری مقابلے اور ملی نغمے پیش کئے جائیںگے۔ اجلاس میں ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز عبدالرزاق خاصخیلی، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز منظر حسین، ڈی ای او سیکنڈری عبدالشاہد، ڈی ای او پرائمری دولت رام، ڈی ایس پی سٹی محمد عثمان، آل پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے صدر فیصل زئی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔