نیب کا ادارہ حکومتی مخالفین کی آواز دبارہا ہے: خیر النساء مغل
میرپورخاص (بیورورپورٹ) سپریم کورٹ، ہیومن رائیٹس واچ اور یورپی کمیشن کے تحفظات کی روشنی میں حکومت کو چاہئے کہ نیب کو بند کر دیا جائے کیونکہ یہ ادارہ حکومتی مخالفین کی آواز کو کچلنے کیلئے استعمال ہو رہا ہے اور نیب حکومت کے منشی کا کردار ادا کر رہا ہے کئی ثبوتوں آٹے اور چینی بحران کے زمہ داروں جہانگیر ترین اور دوسرے حکومتی وزراء کی اربوں روپے کی کرپشن کی نشاندھی کے باوجود ان کے خلاف کوئی کاروائی کرنے کے بجائے انھیں مکمل پروٹوکول کے ساتھ بیرون ممالک بھیج دیا گیا ہے یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی میرپورخاص ڈویژن کی سیکریٹری اطلاعات وسابق رکن صوبائی اسمبلی خیر النساء مغل نے میرپورخاص پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری میرحسن دھونکائی ، سٹی کے صدر حنیف میمن، جنرل سیکریٹری جنید بلند میرپورخاص ، تھرپار کر،عمر کوٹ اضلاع کے سیکریٹریز اطلاعات نند لال مالہی، برہان کمہار اور عبدالسلام میمن اور کندن مالہی بھی موجود تھے خیر النساء مغل نے مذید کہا کہ نیب انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے ملک کے سابق صدر آصف علی زرداری پر ان کی غیر موجود گی میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے جوکہ قانونی اور اخلاقی طور پر سراسر زیادتی ہے انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے 31جولائی 2020کے ستاسی صفحات مشتمل چارج شیٹ کے بعد نیب کا قائم رہنے کا کوئی آئینی اور قانونی جواز نہیں بنتا ہے انھوں نے کہا کہ ملک کے دوبڑے ادارے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور پاکستان بار کونسل نے بھی نیب کے طریق کار اور متعصبانہ کاروائیوں کی سخت مذمت کی ہے مکمل تفتیش اور ثبوت کے بغیر کسی بھی شخص کو گرفتار کرنااس کی آئینی آزادی سلب کرنے کے مترادف ہے انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وزراء کے خلاف تین سو ارب کی کرپشن کی باز گشت کے باوجود ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی صرف مخالفین کو دبائو میں لانے کے لئے جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات میں ملوث کیا جا رہا ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی بحالی کے لئے بڑے بڑے آمروں کے ظلم وستم کا مقابلہ کیا اور ہمیشہ غریب اور مظلوم عوام کی آواز کو بلندکیا ہے تھرپارکر کے سیکریٹری اطلاعات نند لال مالہی نے کہا کہ کراچی ، حیدر آباداور میرپورخاص میں پچھلے چالیس سالوں سے ایم کیو ایم کی حکومت اور ان کے ناظم اور میئر رہے ہیں آج اگر ان شہروں کی ترقی نہیں ہوئی اتو اس کے ذمہ دار ایم کیو ایم ہے پیپلز پارٹی نے حالیہ بارشوں میں بہترین کارکر دگی کا مظاہرہ کیا اور ان کے اقدامات اور کوششوں سے برساتی پانی کی نکاسی ممکن ہو سکی ہے ۔