احتساب عدالت پر حملہ خود حکومت نے کرایا، نواز لیگ
کراچی( نیوز رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے پارٹی کی سینئر رہنما مریم نواز کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر پتھرائو‘ پولیس
کی ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی شدید مذمت کی ہے۔مسلم لیگ(ن) کراچی کے صدر انجینئر سلمان خان نے کہا ہے کہ واقعہ کے پیچھے حکومت کا ہاتھ ہے نااہل نیازی حکومت نواز لیگ کی بڑھتی مقبولیت سے خائف ہوکر اوچھے ہتھکنڈوںپر اترآئی ہے۔ عدالتوں میں پارٹی رہنمائوں کے خلاف کوئی ثبوت پیش نہ کرنے پر حکومت کو جو منہ کی کھانی پڑ رہی ہے اس سے پی ٹی آئی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے۔ انجینئر سلمان خان نے کہا کہ مریم نواز پارٹی کا اثاثہ ہیں خدانخوانستہ اگر انہیں کچھ ہوجاتا تو ملک میں ایسا دما دم مست قلندر ہوتا تو حکمرانوں کو منہ چھپانے کی جگہ نہ ملتی۔ مسلم لیگ لیبر ونگ سندھ کے صوبائی صدر سید منور رضا نے حکومت کو متنبہ کیا کہ وہ ہوش کے ناخن لے اگر حکمرانوں نے قبلہ درست نہ کیا تو متوالے انہیں اقتدار سے نکال کر باہر کرینگے۔ منوررضا نے کہا کہ یہ بات عیاں ہوگئی ہے کہ سرکاری اہلکاروں کی جانب سے مریم نواز کی گاڑی کی توڑ پھوڑ اور اس کا ونڈو اسکرین توڑنے کا کیا مقصد تھا آخر سلیکٹیڈ حکومت کیا چاہتی ہے کیا وہ مریم نواز کو راستے سے ہٹانا چاہتی ہے۔ متوالے اپنے قائدین کی حفاظت کرنا خوب جانتے ہیں۔ مسلم لیگ(ن) کراچی کے نائب صدر نعمان ہاشمی نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے عوام کی طاقت سے ہی نااہل حکمرانوں کا بوریا بستر گول کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیں ڈرا نہیں سکتی۔ کارکن ثابت قدم اور متحد ہیں۔ مسلم لیگ’(ن)‘ کے سینئر رہنما اور میاں شہباز شریف سیکرٹریٹ بلدیہ ٹائون ڈسٹرکٹ ویسٹ خواجہ غلام شعیب نے نیب عدالت کے باہر حکومتی ٹوپی ڈرامے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جب سے تحریک انصاف اقتدار میں آئی ہے ملک بدترین بحرانوں کی دلدل میں پھنستا جارہا ہے اپوزیشن رہنمائوں بلخصوص نواز لیگ کی لیڈر شپ کے خلاف آئے دن کوئی نہ کوئی الزام لگاکر انہیں ہراساں کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔2 سال کے دوران مختلف انداز میں ڈرا دھماکر انہیں چپ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام دشمن حکمران اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ احتساب عدالت کے باہر ہونے والاڈرامہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز عزم و ہمت کا پیکر ہیں کوئی انہیں ڈرا سکتا ہے اور نہ ہی جھکا سکتا ہے۔مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما رانا محمد احسان نے کہا کہ احتساب عدالت پر حمللہ خود حکومت نے کرایا۔ انہوں نے کہا کہ نیازی حکومت کا یہ عمل اسے مہنگا پڑے گا۔ مریم نواز ہمیشہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے سرگرم عمل رہیں نواز لیگ عدالتوں کا احترام کرتی ہے وہ حملے کا سوچ بھی نہیں سکتی۔