دفتر بہبود آبادی راولپنڈی میں جشن آزادی جوش و جذبے سے منانے کا اہتمام
راولپنڈی ( اپنے سٹاف رپورٹر سے)یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر کی طرح ضلعی دفتر بہبود آبادی راولپنڈی میں بھی جشن آزادی کو پورے جوش و جذبے سے منانے کا اہتمام کیا گیا ہے اس سلسلے میں ڈائریکٹر بہبود آبادی شیریں سخن اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر بابر ظہیر نے تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے ۔ ڈائریکٹر بہبود آبادی شیریں سخن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یوم آزادی کو بھر پورطریقے سے مناکر سچا پاکستانی ہونے کا ثبوت دینا چائیے- یہ ملک ہماری پہچان ہے اور ہماری ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ اس دن کو پورے ملی جو ش و جذبے سے منایا جائے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس حوالے سے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا اور تمام فلاحی مراکز ، بی ایچ یوز ، فیملی ہیلتھ کلینک ، تحصیل دفاتر میں نہ صرف سبز ہلالی پرچم لہرائے جائیں گے بلکہ انہی مقامات پر باقاعدہ تقریبات کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ ضلعی دفتر بہبود آبادی راولپنڈی میں 14 اگست کو سبز ہلالی پرچم لہرانے کی تقریب منعقد کی جائے گی اور دفتر کو چراغاں کے ساتھ ساتھ جھنڈیوں سے سجایا جائے گا ۔ ڈائریکٹر جنرل بہبود آبادی کی خصوصی ہدایات پر شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودے بھی لگائے جائیں گے جبکہ مختلف تقریبات میں سکالر ز اور خاص طور پر اقلیتوں کو بھی مدعو کیا جائے گا ۔ ضلع راولپنڈی کے تمام فلاحی مراکز میں بلدیاتی نمائندوں ، معززین علاقہ کو مدعو کر کے لوگوں کو یوم آزادی کے حوالے سے روشناس کروایا جائے گا ۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر بابر ظہیر نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سالوں کی طر ح اس سال بھی یوم آزادی پورے ملی جوش جذبے سے منایا جائے گا اوراس سلسلے میں تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں - انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں قائم تمام فلاحی مراکز میں یوم آزادی کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا اور اس سلسلے میں تمام تحصیل افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔