10 سے زا ئد سیاسی جماعتیں منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں: ایف آئی اے
اسلام آباد (آئی این پی) ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ سے متعلق اپنی رپورٹ تیار کرلی ہے، جسے پیر کے روز سپریم کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایت پر تیار کئی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دس سے زائد سیاسی جماعتیں مجموعی طور پر 35 ملین ڈالرز کی غیر قانونی ٹرانزیکشن میں ملوث ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئے اے نے غیر قانونی ٹرانزیکشن کرنے والے کئی جھوٹے اکاؤئنٹس کا پتہ چلالیا ہے۔دوسری جانب فریال تالپور کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے ایف آئی اے ، ڈپٹی اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل سمیت دیگر کو نوٹس جاری کردیا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ میں فریال تالپور کے خلاف ایف آئی اے کے عبوری چالان کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی،عدالت میں وکیل صفائی فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کی ایف آئی آر میں منی لانڈرنگ کا ذکر نہیں فریال تالپور کا ایف آئی آر میں کوئی کردار واضح نہیں الزامات سے ان کا کوئی تعلق نہیں ایف آئی آر سے کہیں ظاہر نہیں کہ کمشن یا بدعنوانی کی ہو۔