مراد علی شاہ اور عمران اسماعیل میں اچھی ورکنگ ریلیشن شپ کا امکان
کراچی (وقائع نگار+ خصوصی رپورٹر) سندھ میں مراد علی شاہ کو عمران اسماعیل کے ساتھ کام کرنے میں کوئی دشواری پیش نہیں آئیگی۔ مراد علی شاہ کے قریبی اور پیپلزپارٹی کے حلقوں کا کہنا ہے کہ سید مراد علی شاہ بطور وزیراعلیٰ پہلے بھی 3 مختلف مزاج کے گورنرز کے ساتھ کام کرچکے ہیں جن میں ایم کیو ایم کے ڈاکٹر عشرت العباد، خان اور مسلم لیگ (ن) کے جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی او ر محمد زبیر شامل رہے ہیں اب پی ٹی آئی نے عمران اسماعیل کو گورنر نامزد کیا ہے تو مراد علی شاہ کو بطور وزیراعلیٰ انکے ساتھ کام کرنے اور اچھی ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنے میں کوئی مشکل نہیں ہو گی۔ دوسری طرف گورنر سندھ کے منصب کے لئے عمران اسماعیل اپنی صوبائی اسمبلی کی نشست چھوڑیں گے۔ عمران اسماعیل کو عمران خان کا قریبی ساتھی تصور کیا جاتا ہے۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ یہ ایک بھاری ذمہ داری ہے سب سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لیکر چلیں گے۔