گلگت :سکول نذرآتش معاملہ، مبینہ غفلت برتنے پر 4 اعلیٰ افسر معطل
گلگت(آن لائن) گلگت بلتستان کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی ) گوہر نفیس نے سکولوں کو نذرآتش کرنے کے معاملے پر مبینہ غفلت برتنے پر چارپولیس افسران کو معطل کردیا ہے۔ معطل افسران میں داریل اور تانگیر علاقے کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ایس ایچ اوز اور ایک سترہ گریڈ کے افسر بھی شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے (ڈی آئی جی ) گوہر نفیس کا کہنا تھا کہ 2 افسران کوسکول نذر آتش کرنے میں ملوث مطلوبہ ملزمان کو گرفتار کرنے کی یقین دہانی پر بحال کردیا جائے گا جبکہ 24 گھنٹوں میں مذکورہ واقعے کے پسِ پردہ ماسٹر مائنڈ کی شناخت کرلی جائیگی۔ڈی آئی جی گوہر نفیس کا مزید کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں فورس کمانڈر، چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل آف پولیس نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پولیس کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔