اپوزیشن کیساتھ ہم آہنگی کی فضأ میں صوبے کی تعمیر و ترقی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہوگی: محمو د خان
پشاور(بیورورپورٹ)خیبر پختونخوا کے نامزد وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کی اولین ترجیحات اپوزیشن سمیت تمام سیاسی پارٹیوں کے ساتھ ہم آہنگی کی فضاء میں صوبے کی تعمیر و ترقی،پائیدار امن کا قیام،صاف شفاف ماحول کی فراہمی،فوری اور سستے انصاف کی فراہمی اور لوگوں کے مسائل و مشکلات حل کرنے کے ساتھ ساتھ مستقل خوشحالی کی راہ ہموار کرناہے۔ آج کے با شعور عوام بخوبی جانتے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے پچھلے پانچ سالہ دور اقتدار میں صوبے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد میگا پراجیکٹس مکمل کئے اور چند ایک پراب بھی کام تیزی سے جاری ہے جو جلد ہی مکمل کر لئے جائیں گے اسی وجہ سے عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ پورے ملک میں پی ٹی آئی کو اپنے بھاری مینڈیٹ سے کامیاب کیا تاکہ پاکستان تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان نے ملک میں جس تبدیلی کا وعدہ عوام سے کیا تھا اسے عملی شکل دے کر پورا کیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں پی ٹی آئی کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، پارٹی عہدیداروں،ورکروں اور مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے مبارکباد وصول کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اس صوبے کے دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کیلئے بہت جلد عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ ان علاقوں میں بسنے والے لوگ بھی زندگی کی تمام بنیادی آسائشوں سے استفادہ کرتے ہوئے پر سکون زندگی گزار سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہم صوبے میں بے روز گاری کے خاتمے کے ساتھ ساتھ تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں گے تاکہ وہ معاشرے میں اپنا مقام حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ صوبے و ملک کی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کر سکیں۔محمود خان نے کہا کہ ہماری ترجیحات میں یہ بھی شامل ہے کہ صوبے میں صنعت کے فروغ اور بند کارخانوں کو فعال کیا جائے تاکہ ایک طرف بے روز گاری کا خاتمہ ممکن ہو تو دوسری جانب صوبے کی معیشت کو بھی مستحکم کیا جا سکے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام نے اپنے مینڈیٹ سے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اسے کبھی ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے بلکہ اپنی حکمت عملی سے یہ ثابت کردیں گے کہ پی ٹی آئی نے عوام مینڈیٹ کا حق ادا کر دیا ہے۔