نئی حکومت بھارت سے برابری کی سطح پر تعلقات میں بہتری لائے گی: شیخ رشید عمران کو وزیراعظم ہائوس میں رہنے کا مشورہ
اسلام آباد (آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے عمران خان کو وزیراعظم ہائوس میں رہنے کا مشورہ دے دیا۔ نجی ٹی وی انٹرویو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان کو میرا مشورہ ہے کہ وہ وزیراعظم ہائوس میں ہی رہیں وہ ملک کے وزیراعظم بن رہے ہیں۔ عمران خان اور پاکستان کو خطرات ہیں عمران خان سے غیر ملکی وفود ملنے آئیں گے، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور دیگر حکام ان سے ملنے آئیں گے وہ کس کس کو سکیورٹی دیں گے۔ دریں اثناء شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بزدل پٹواری جیل نہیں کاٹ سکتے درمیانی راستہ تلاش کر رہے ہیں ،عمران خان کو کرپٹ کلچر ورثے میں ملا جسے ٹھیک کر رہا ہے تحریک انصاف کے پاس ناکامی کی گنجائش نہیں ہے ایم کیو ایم نظریہ ضرورت کے تحت تحریک انصاف کے ساتھ چلے گی عمران خان ڈیلیور کریں گے عمران خان سیدھا آدمی ہے بھارت سے برابری کی سطح پر تعلقات میں بہتری لا ئے گا اور مسئلہ کشمیر کے حل پر بات ہو گی ہفتہ کو نجی ٹی وی سے انٹر ویو دیتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا میں نے عمران خان کے ساتھ 10 سال جدوجہد کی ہے میری کوشش ہے کہ عمران خان کی حکومت کامیاب ہو ، نواز شریف نے ایک بڑے بندے کے ذریعے مجھ سے رابطہ کیا اور کہا کہ تمام بڑے منصوبے تو شہباز شریف نے شروع کئے ہیںمیرا اس سے کیا تعلق۔ احد چیمہ اور فواد حسن فواد سلطانی گواہ بنیں گے شیخ مجیب الرحمان نواز شریف کے آئیڈیل ہیں۔ عمران جدو جہد کر کے تیسری پارٹی اس سسٹم میں لے کر آئے اس وقت این آر او کی زبر دست کوشش ہو رہی ہے پڑوسی ملک کے ذریعے این آر او مانگا جا رہاہے ۔ میں نے کہا تھا کہ عمران خان 100 نشستیں لیں گے میں نے اپنے لئے وزارت کی کوئی ڈیمانڈ نہیں کی لیکن مجھے وزارت مل رہی ہے عنقریب شاہد خاقان عباسی ،شہباز شریف اور خواجہ سعد رفیق جیلوں میں ہوں گے عوام نے مجھے پنڈی بوائے اور مرشد کا نام دیا لیکن میں شیخ رشید ہی کہلوانا پسند کروں گا۔ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اگر آنے والی حکومت 20 سے 25 لاکھ نوکریاں نوجوانوں کے دے دے تو عوام یاد کریں گے شہباز شریف وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں ابھی تو 56 کمپنیوں کے اسکینڈل پر بھی مزید پیش رفت ہونی ہے۔