سعودی پولیس اہلکار نے حج کیلئے آئی برہنہ پائوں بزرگ خاتون کو ا پنے جوتے پہنا دئیے، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
ریاض (این این آئی) سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک حالیہ ویڈیو میں سعودی پولیس اہلکار اور عمر رسیدہ خاتون کے درمیان انسانی جذبوں سے عبارت دل موہ لینے والا منظر انتہائی تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بزرگ خاتون عازمہ حج کو پائوں میں جوتے نہ ہونے پر سخت گرمی کے اثرات اپنے پیروں پر محسوس ہونے لگے تو وہ پریشانی میں سڑک کنارے کھڑی ہو گئی۔ اسی لمحے ڈیوٹی پر موجود ایک پولیس اہلکار اس کی پریشانی دیکھ کر خاتون کی مدد کو لپکا۔ پولیس اہلکار نے گرمی سے ستائی خاتون کی مشکل بھانپتے ہی اپنے جوتے اتارے اور زمین پر بیٹھ کر اس کے پیروں میں پہنانے لگا۔ اس منظر کو قریب سے گزرنے والے بہت سے حاجیوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا جبکہ متعدد نے اسے کیمرے کی آنکھ سے محفوظ کر کے سوشل میڈیا کے توسط سے دنیا پھر میں پہنچا دیا۔