اے این پی رہنماء میاں افتخار کی زندگی کو شدید خطرہ ‘ نیکٹا کا الرٹ جاری
پشاور(بیورورپورٹ)انسداد دہشت گردی کے قومی ادارے نیکٹا نے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما میاں افتخار حسین پر دہشت گردوں کی جانب سے حملے کا تھریٹ الرٹ جاری کردیا ہے۔ اس ضمن میں نیشنل کائونٹر ٹیررازم اتھارٹی کی جانب سے ہوم سیکرٹری ،انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا، انسپکٹر جنرل فرنٹیر کور اور کمانڈنٹ فرنٹیر کانسٹیبلری پشاورکو بھیجے گئے مراسلے کے مطابق ’’معلوم ہوا ہے کہ سابق تحریک طالبان پاکستان درہ آدم خیل کے کمانڈر کامران المعروف آصف نے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما میاں افتخار حسین پر حملے کی منصوبہ بندی کررکھی ہے جس کیلئے ایک خودکش بمبار کو خصوصی ٹریننگ دی گئی ہے‘‘ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ خودکش بمبار کی شناخت حسین آفریدی کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق قبائلی ضلع خیبر سے ہے جس کی عمر 22 سال، قد 5 فٹ، چھوٹی داڑھی اور گنگریالے بال ہیں، مراسلے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خودکش بمبار کو افغانستان کے صوبہ کنڑ میں ٹریننگ دی گئی ہے جو اگلے 2 سے 3 دنوں میں بارڈر پار کرکے اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی کوشش کرے گا مراسلے میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ افتخار حسین کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے اور انہیں اپنی حفاظت کی خاطر غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز بھی کرنا ہوگا۔