پنجاب‘ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری‘ کاروبار ٹھپ‘ مزدور بے روزگار ہونے لگے
لاہور (نامہ نگاران) پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید گرمی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے ۔ چھانگا مانگا، قصور، شاہکوٹ، چنیوٹ، چناب نگر، پنڈی بھٹیاں، حافظ آباد اور دیگر شہروں میں شدید گرمی اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے متعدد طالب علم بے ہوش ہوگئے۔ شدید گرمی اور بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا۔ عوامی حلقوں کی شدیدتنقید شیڈول کے بغیر بجلی کی 6 سے 8 گھنٹے بندش سے لوگ پینے کے پانی تک کو ترس گئے۔ سکولوں میں پہلے دن بچوں کی حاضری کم رہی۔ وقفے وقفے سے بجلی بند ہونے سے مزدور بے روزگار ہونے لگے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بجلی کے بلوں میں کئی گنا اضافہ کے باوجود بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ مساجد میں نمازیوں کو وضو کیلئے پانی دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے نماز ادا کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔ بعض شہروں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانہ 14 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ دوسری طرف شاہکوٹ میں سوئی گیس کی بلاجواز لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور شدید نعرے بازی کی۔