وطن عزیز کی بنیاد وں میں لاکھوں شہدا کا لہو شامل ہے: حافظ سعید
لاہور، گوجرانوالہ ( سپیشل رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی) امیر جماعۃالدعوۃ حافظ سعید نے کہا ہے کہ وطن عزیز کی بنیادوں میں لاکھوں شہداء کا لہو شامل ہے۔ حکمرانوںنے قیام پاکستان کے وقت اللہ سے کئے گئے عہد کو پورا نہیں کیا۔پاکستانی قوم کو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر متحد و بیدارکرنے کی ضرورت ہے۔ یہ ملک اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ عوام کا ہر طبقہ ملک و ملت کے دفاع کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ملی مسلم لیگ نظریہ پاکستان کے تحفظ کا مشن لیکر میدان سیاست میں آئی ہے۔ کارکنان ملک کے کونے کونے میں نظریہ پاکستان کو اجاگر کریں اور قوم میں قیام پاکستان والا جذبہ بیدار کیا جائے۔وہ مرکز اقصیٰ گوجرانوالہ میں ملی مسلم لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب اور بعد ازاں مختلف وفود سے گفتگو کررہ تھے۔ اس موقع پر ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد، شاہد عبدالحمیدودیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوںنے کہاکہ قرآن ہر دور اور ہر قسم کے حالات میں مسلمانوں کی رہنمائی کرتا ہے لیکن افسوسناک امر یہ کہ ہم نے اسلام کو نماز، روزہ تک محدود کر رکھاہے قومی و بین الاقوامی سطح کے معاملات میں اسلامی تعلیمات سے رہنمائی نہیں لی جاتی۔ اہل پاکستان کو لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ کی بنیاد پر متحد کرنے کی ضرورت ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ اسلام دشمن قوتیں منصوبہ بندی کے تحت یہاں باہم لڑائی جھگڑوں کا ماحول پیداکرنا چاہتی ہیں۔ ہمیں اپنی اندرونی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا اورکشمیریوں کی قربانیاں ضائع ہونے سے بچانا ہے۔ حافظ سعید نے اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلام نے اقلیتوں کو سب سے زیادہ حقوق دیے ہیں اوروطن عزیز پاکستان میں اقلیتوں کومکمل مذہبی آزادی اور تمام آئینی حقوق حاصل ہیں۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ نبی اکرم ؐ نے جب اسلامی معاشرے کی بنیاد رکھی تو مسلمانوں کو تمام مذاہب کے احترام کا حکم دیا۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی قیام پاکستان کے وقت وطن عزیز میں اقلیتوں کیلئے یکساں حقوق فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔