قوم یوم آزادی پورے جوش و جذبے سے منائے: صاحبزادہ ابوالخیر زبیر
ملتان(نامہ نگار خصوصی )جمعیت علماء پاکستان (نورانی) ملی یکجہتی کونسل اور نظام مصطفیٰ ﷺ محاذ کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیرنے کہا ہے کہ قو م یوم آزادی پورے جوش و جذبے کے ساتھ منائے 14اگست کو جمعیت علماء پاکستان (نورانی ) کے تمام عہدداران اور کارکنان ریلیاں نکالیں اور پاکستان میں نظام مصطفیﷺ کے نفاذ کے لئے تجدید عہد کریں انہوں نے کہا جو لوگ یوم آزادی منانے سے منع کر رہے ہیں وہ اپنے الیکشن میں ناکامی کا غصہ پاکستان پر نہ نکالیں جن ووٹرز نے ان کو مسترد کردیا ہے ان کو برا بھلا کہیں پاکستان نے انکا کیا بگاڑا ہے جو پاکستان کی یوم آزادی منانے کو منع کررہے ہیں انہوں نے کہا جو لوگ غصہ میں ملک کے خلاف ،عدلیہ اور افواج پاکستان جیسے مقتدر اداروں کے خلاف باتیں کررہے ہیں وہ در حقیقت اپنے مخالفین کی طرف سے ملک دشمنی کے ان پر لگائے جانے والے الزمات کی تصدیق کررہے ہیں اور پاکستان کے خلاف اپنی پارٹی اور اپنے آبائواجداد کے کردار کی توثیق کررہے ہیں اور 14اگست کی خوشیاں منانے سے منع کرکے 20کروڑ عوام کی دل آزاری کر رہے ہیں پاکستان کے قومی اداروں کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہیے ۔انہوں نے کہا ہے کہ کل 12اگست کو لاہور میں جمعت علماء پاکستان کی مرکزی شوریٰ کے اجلاس میں ان تمام امور سمیت ملک کی اہم سیاسی صورتحال پر غور و خوض کیا جائے گا اور بہت اہم فیصلے کئے جائیں گے ۔