نئی حکومت پہلے کارکردگی دیکھے پھر ہٹانے کا فیصلہ کرے : خالد سجاد کھوکھر
لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ ہاکی میں عزت سے آیا تھا اور عزت سے ہی جائوں گا۔ قومی کھلاڑیوں کے لیے دوستوں سے ادھار پیسے لیے اور اپنا وعدہ پورا کیا، نئی حکومت ہماری کارکردگی کو پہلے جانچے پھر ہمیں ہٹانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ کرے۔ پیسے سے زیادہ عزت کی اہمیت ہے، پیسوں کے معاملے پر میں نے کراچی آکر ایک ایک کھلاڑی سے بات کی۔ باقی ماندہ واجبات بھی جلد ادا کردیں گے ۔سیکرٹری شہبازسینئر نے کہا کہ اپنے خلاف پروپیگنڈے سے نہیں ڈرتا۔ہیڈ کوچ رولینٹ اولٹمیز نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے لیکن یاد رکھنا چاہیے کہ ہم قلیل وقت میں خامیاں دور نہیں کرسکتے، ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم سیمی فائنلز تک رسائی پانے میں کامیاب ہوسکتی ہے۔قومی ہاکی کپتان رضوان سینئر نے کہا کہ قومی کیمپ میں بھرپور تیاری کی ہے، کھلاڑیوں کی فٹنس میں بھی بہتری آئی ہے، گیمز میں اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔