انتخابات دھاندلی زدہ‘ لاڈلے کو جعلی مینڈیٹ دیا گیا: پیر اشرف رسول
فیروزوالہ (نامہ نگار)مسلم لیگ ن کے رہنماء اور نو منتخب رکن پنجاب اسمبلی پیرمحمد اشرف رسول نے کہا ہے کہ متحدہ اپوزیشن نے پر امن احتجاج کرکے ثابت کیا ہے کہ ہم نے کبھی انتشار دھرنے حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی سیاست نہیں کی ہم کسی بھی قیمت پر جعلی وزیراعظم کو تسلیم نہیں کریں گے ہمارا اسمبلی میں بھی احتجاج ہوگا جو ہمارا آئینی و قانونی حق ہے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں نے احتجاج میں حصہ لیکر بتایا ہے کہ انتخابات شفاف نہیں ہوئے جعلی مینڈیٹ لاڈلے کو دلایا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی عہدیداروں اور رہنمائوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم پی اے پیر محمد اشرف رسول نے کہا کہ ن لیگ کے ہاتھ پائوں باندھ کر انتخابات کروائے گئے ہیں پھر بھی کامیابی نہ ملنے پر انتخابی نتائج کو تبدیل کیا گیا ہے اسی لیے رزلٹ 24گھنٹے لیٹ فراہم کیے گئے ہیں جس سے انتخابات کی شفافیت مشکوک ہو گئی ہے انہو ں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے ملک کو بحرانوں سے نکالا سی پیک جیسے منصوبوں سے ملکی معیثت بہتری کی طرف گامزن ہوئی لوڈ شیڈنگ کے بحران کو ختم کرنے کے لیے بجلی کے نئے کارخانے لگائے موٹرویز تعمیر کی جس سے پاکستان کے دنیا بھر میں وقار بلند ہوا ۔