تاجر مثالی خدمات کے سبب سراج تیلی پر بھر پور اعتماد کر تے ہیں، محمود حامد
کراچی (کامرس رپورٹر)کراچی کے چھوٹے تاجر بی ایم جی کے قائد سراج قاسم تیلی کی قیادت میں متحدہیں اور ان کی مثالی خدمات کے سبب ان پر بھر پور اعتماد کر تے ہیں۔ آئندہ کراچی چیمبر کے ہو نے والے الیکشن میں بی ایم جی کی قیادت کو بھر پور انداز میں کامیاب کریں گے۔ اس بات کا اعلان آج آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد کی زیر صدارت پاکستان چوک میں ہو نے والے تاجر اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس سے بولٹن مارکیٹ کے رہنماء عثمان شریف ، حاکم خان ، عبد الماجد چوہدری ، سلیم ملک ، جاوید حاجی عبد اللہ ، بابر خان بنگش ، محمد ربان ، محمد آصف و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ محمود حامد نے کہا کہ سراج قاسم تیلی نے شہر کراچی کے تاجروں کو متحد کیا اور ہر برے وقت میں ان کے شانہ بشانہ جدو جہد کی ہے۔ گزشتہ د وعشرے کراچی کے تاجروں کے لیے بھیانک خواب سے کم نہ تھے ، بھتے ، لاشیں ، پر چیاں ، اغواء برائے تاوان ، ہڑ تالیں روز کا معمول تھیں۔