اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ مذہبی فریضہ ہے: ذکر اللہ مجاہد
لاہور ( سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہورذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنا مذہبی فریضہ اور قومی یکجہتی کی علامت ہے۔ اسلام اقلیتوں اور مسلمانوں کے حقو ق میں برابراور انصاف کا حکم دیتا ہے ۔ اسلام بنیادی انسانی حقوق کے متعلق غیر مسلم اقلیتوں اور مسلمانوں کے درمیان مساوات قائم کرنے کی اہمیت پر زور دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ریاست میں اقلیتوں اور رعایا کو عقیدہ ، مذہب، جان ومال اور عزت و آبرو کے تحفظ کی ضمانت صاصل ہوتی ہے اور وہ انسانی بنیادپر شہری آزادی اور بنیادی انسانی حقوق میں مسلمانوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ اسلامی ریاست اقلیتوں کے تحفظ اور سلامتی کی ذمہ دار ہوتی ہے اور اسلامی معاشرے میں مسلمانوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اقلیتوں سے نیکی ، انصاف اور حسن سلوک پر مبنی رویہ اختیار کریں۔