پاکستان فرنیچر کونسل کا چوہدری محمد سرور کی بطور گورنر پنجاب نامزدگی کا خیرمقدم
لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر چوہدری محمد سرور کی بطور گورنر پنجاب نامزدگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ غیر ملکی سرمایہ کاری لانے، قومی معیشت کو مضبوط بنانے اور دنیا میں پاکستان کے سافٹ امیج کو فروغ دینے کے علاوہ اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کرانے میں اپنا بھر پور کردار اور اثر و رسوخ استعمال کریں گے۔ہفتہ کو یہاں جاری بیان میں میاں کاشف اشفاق نے چوہدری محمد سرورکو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت بہت زیادہ مسائل کا شکار ہے اور امید ہے کہ نامزد گورنر اپنے عہدے اور سیاسی شعور کو لوگوں کو درپیش مسائل کے حل اور انہیں ایک متحدہ پلیٹ فارم پر لانے کیلئے استعمال کریں گے۔