نیول چیف کا شمال بندر کے اگلے ساحلی مورچوں کا دورہ
نیول چیف کا ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا اگلے مورچوں کا دورہ، آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔کمانڈر کوسٹ ریئرایڈمرل معظم الیاس نے استقبال کیا اوربریفنگ دی۔ نیول چیف کا سمندری دفاع کو یقینی بنانے کے لئے ہمہ وقت چوکنا رہنے پر زور۔ ساحلی بیس پرتعینات جوانوں کے جذبے کو سراہا۔
ساحلی علاقے میں چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفرمحمود عباسی کے اس دورے سے وہاں تعینات جوانوں کے حوصلے بلند ہوئے ہونگے۔ سمندر کے سینے پر رواں دواں بحری فوج نے جس تندہی اور لگن سے ملک کے ساحلی سرحدوں کو ناقابل تسخیر بنایا ہے پوری قوم کو اس پر فخر ہے بری فوج کی طرح بحری فوج کو بھی ہر وقت تیار رکھنا ان کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینا ہماری بہت بڑی ضرورت ہے کیونکہ ہمارے مکار دشمن کی سرحدیں بری اور بحری دونوں اطراف سے ہمارے ساتھ متصل ہیں اور ہمیں ہر وقت دونوں طرف سے چوکنا رہنا پڑتا ہے۔ ہم پہلے بھی دو مرتبہ اپنے مکار دشمن کی طرف سے جارحیت کا شکار ہو چکے ہیں۔ موجودہ حالات بھی زیادہ ساز گار نہیں کہ ہم اس کی طرف سے غافل رہیں۔ ان حالات میں ہماری مسلح افواج کے جوانوں کو ان کا تعلق خواہ بری فوج سے ہو فضائیہ سے یا بحری دستوں سے ہر وقت چاق چوبند اور تیار رہنا ضروری ہے۔ نیول چیف کا شمال بندر کے اگلے مورچوں کا دورہ بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ جس میں انہوں نے بحری فوج کے دستوں کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جوانوں کے جذبے کوبھرپور طریقے سے سراہا اور اس کی تعریف بھی کی ۔