وطن عزیز کی بنیادوں میں لاکھوں شہدا کا لہو شامل ہے: حافظ سعید
لاہور، گوجرانوالہ (ا سپیشل رپورٹر) امیر جماعۃالدعوۃ حافظ سعید نے کہا ہے کہ وطن عزیز کی بنیادوں میں لاکھوں شہداء کا لہو شامل ہے۔ حکمرانوںنے قیام پاکستان کے وقت اللہ سے کئے گئے عہد کو پورا نہیں کیا۔پاکستانی قوم کو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر متحد و بیدارکرنے کی ضرورت ہے۔ یہ ملک اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ عوام کا ہر طبقہ ملک و ملت کے دفاع کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ملی مسلم لیگ نظریہ پاکستان کے تحفظ کا مشن لیکر میدان سیاست میں آئی ہے۔ کارکنان ملک کے کونے کونے میں نظریہ پاکستان کو اجاگر کریں اور قوم میں قیام پاکستان والا جذبہ بیدار کیا جائے۔وہ مرکز اقصیٰ گوجرانوالہ میں ملی مسلم لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب اور بعد ازاں مختلف وفود سے گفتگو کررہ تھے۔ اس موقع پر ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد، شاہد عبدالحمیدودیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوںنے کہاکہ قرآن ہر دور اور ہر قسم کے حالات میں مسلمانوں کی رہنمائی کرتا ہے لیکن افسوسناک امر یہ کہ ہم نے اسلام کو نماز، روزہ تک محدود کر رکھاہے قومی و بین الاقوامی سطح کے معاملات میں اسلامی تعلیمات سے رہنمائی نہیں لی جاتی۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ اسلام دشمن قوتیں منصوبہ بندی کے تحت یہاں باہم لڑائی جھگڑوں کا ماحول پیداکرنا چاہتی ہیں۔ ہمیں اپنی اندرونی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا اورکشمیریوں کی قربانیاں ضائع ہونے سے بچانا ہے۔