پیپلز پارٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس آج بلاول کی زیرصدارت ہو گا
اسلام آباد (اسپیشل رپورٹ/ نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کا اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس آج شام کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں ہو گا۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی کے نومنتخب ارکان قومی اسمبلی بھی شریک ہوں گے۔ جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری گزشتہ روز الگ الگ کراچی سے اسلام آباد پہنچ گئے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں پی پی پی کی اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کے لئے قائم خصوصی کمیٹی کے ارکان بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر کے حوالے سے بھی مشاورت ہو گی۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سید خورشید شاہ اس منصب کیلئے زیرغور ہیں تاہم وہ سپیکر قومی اسمبلی کے الیکشن میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو سید نوید قمر پارلیمانی لیڈر کے لئے زیرغور آئیں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری دونوں پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں اور عوامی رابطوں پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کی رپورٹ پر مشاورت ہو گی اور اوپن اجلاس میں پارٹی کی طرف سے ردعمل ظاہر کرنے کی حکمت عملی پر مزید مشاورت ہو گی۔ بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری پیر کو قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف بھی اٹھائیں گے۔ خورشید شاہ اجلاس میں دوسری جماعتوں سے رابطوں اور شہباز شریف سے ملاقات کی رپورٹ پیش کرینگے۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
پیپلز پارٹی/ اجلاس