پاکستان کااستحکام ہماری جدوجہد کامقصد حیات ہے ‘ مزمل اقبال ہاشمی
کراچی ( نیوزرپورٹر) ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ ہماری جدوجہد کا مقصد پاکستان کا استحکام ہے۔ ہم خدمت کی سیاست کرنے آئے ہیں اور اسی بنیاد پر عوام کے درمیان موجود رہیں گے۔ 14 اگست کو سفاری پارک تا مزار قائد عظیم الشان ’’تکمیل پاکستان کارواں‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا، جس کے ذریعے نظریہ پاکستان کو اجاگر کرکے تمام قومیتوں کو ملک و قوم کی خاطر آپس میں جوڑیں گے۔ یوم آزادی سے بھرپور عوامی رابطہ مہم کا آغاز کرکے گھر گھر تک ملی مسلم لیگ کا پیغام پہنچائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملی مسلم لیگ ہائوس گلشن اقبال میں ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں شہر بھر سے ضلعی اور علاقائی ذمے داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ ہم انتشار اور پارٹی بازی کی سیاست کرنے نہیں آئے، ہم افراد کو جوڑنے اور اتحاد کی فضا قائم کرنے آئے ہیں۔ ملی مسلم لیگ سیاست کے ذریعے عوام میں خدمت اور محبت پیدا کرے گی۔ خدمت کے ذریعے ہی ہم اپنے مسائل حل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کی قیادت میں جس مقصد کے لیے اس ملک کی بنیاد رکھی گئی تھی، آج ستر برس گزرنے کے بعد بھی ہمیں وہ صورت نظر نہیں آتی۔ اب وقت آگیا ہے کہ ایسا پاکستان تشکیل دیا جائے جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال سمیت مسلم لیگ کے قائدین نے ستر سال پہلے دیکھا تھا۔14 اگست کو سفاری پارک تا مزار قائد عظیم الشان ’’تکمیل پاکستان کارواں‘‘ اس بات کا اظہار کرے گا کہ یہ ملک اسلامیان پاکستان کا ہے۔ عوام بھرپور انداز سے کارواں میں شرکت کرکے قائد اعظم کے وژن سے محبت کا ثبوت دیں۔