پاکستان کی خارجہ پالیسی مضبوط بنیادوں پر قائم ہے، نجم الدین شیخ
کراچی( اسٹاف رپورٹر)رابطہ فورم انٹرنیشنل کی جانب سے یوم آزادی کی مناسبت سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا موضوع تھا ’’پاکستان کی کامیابیاں اور درپیش چیلنجز‘‘تھا سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سابق سفیر و سیکریٹری خارجہ نجم الدین شیخ نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی کا انحصار وقتی مفاد کے تحت رہا ہم امریکا کے قریب ہوگئے، آزادی کے فوراً بعد ہمیں وسائل کی ضرورت تھی جو امریکا سے مل سکتے تھے ۔ڈاکٹر ہما بقائی نے کہا کہ ہم سی پیک کی وجہ سے ایک کوریڈور کنٹری بن رہے ہیں۔ڈاکٹر تنویر خالد نے کہا کہ پاکستان کے قیام کے فوراً بعد قائداعظم کی رحلت سے ہمارے لئے مسائل سے نمٹنے کی صلاحیت کم ہوئی، ہماری قیادت ان خوبیوں کی مالک نہیں تھی جیسا کہ اس وقت ضرورت تھی۔ڈاکٹر محبوب مقدم نے کہا کہ دنیا تبدیل ہورہی ہے تو پاکستان میں بھی تبدیلی آگئی ہے اب ہمارے روایتی سیاستدانوں کا کردار کم ہوتا جارہا ہے۔ڈاکٹر شاہدہ وزارت نے کہا کہ پاکستان کو 90 کی دہائی میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک میں پھنسایا گیا، بجٹ سپورٹ فنڈ کے نام پر قرضہ لیا گیا لیکن اس کا پروڈکٹو استعمال نہیں کرسکے۔ڈاکٹر سیما ناز صدیقی نے کہا کہ آزادی کے بعد ہمیں مہاجرین کی آباد کاری، ملک چلانے کے لئے وسائل کی فراہمی، بھارت سے تنازعات کو حل کرنا اور پڑوسی ممالک سے تعلقات استوار کرنے کا چیلنج درپیش تھا، اس موقع پر نصرت مرزا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔