سری لنکن ٹیم سے شکست کے باوجود حوصلے پست نہیں ہوئے
کولمبو (آئی این پی)جنوبی افریقہ کے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ نے کہا ہے کہ چوتھے میچ میں سری لنکن ٹیم کے ہاتھوں شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے،ہماری ٹیم پانچویں میچ میں آئی لینڈرز کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔تاہم اس کے باوجود ٹیم میزبان ٹیم کو پانچویں اور آخری میچ میں بھی شکست دینے کو مکمل طور پر تیار ہے۔اپنے ایک بیان میں ہاشم آملہ نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں اور آئی لینڈرز کے خلاف ون ڈے سیریز کے پانچویں اور آخری میچ کے لئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرینگے۔ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچواں اور آخری ون ڈے کرکٹ میچ کل اتوار کو کولمبو میں کھیلا جائیگا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان واحد ٹی ٹونٹی میچ 14 اگست کو شیڈول ہے جو کولمبو میں کھیلا جائیگا۔