سنکیانگ کرامے فورم ختم، پاکستان، چین میں 60 ارب یوان مالیت کے 28 معاہدے
سنکیانگ (آئی این پی)شاہراہ ریشم کی اقتصادی پٹی کا سنکیانگ کرامے فور م کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا جس میں 60ارب یوان سے زائد مالیت کے 28معاہدے طے پا گئے۔ پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی زون کی تعمیر سمیت تعاون کے 17منصوبوں پر دستخط کیے گئے ۔چائنہ انٹرنیشنل ریڈیو کے مطابق جمعرات کو چین کے صوبہ سنکیانگ کے شہر کرامے میں تین روز تک جاری رہنے والا کرامے فورم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا ۔ فورم میں 400 سے زائد نمائندوں نے شرکت کی ۔فورم میں 28 معاہدے اور یاد داشتیں طے کی گئیں جن کی کل مالیت 62ارب 57 کروڑ 91 لاکھ آر ایم بی تک جا پہنچی۔ یہ منصوبے بنیادی تنصیبات ، شہری سڑکوں کی تعمیر ، زون کے قیام ، تعلیم اور طب سمیت کئی شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ سنیٹر مشاہد حسین اور سلیم مانڈوی والانے دستخطوں کی تقریب میں شرکت کی۔