بھارتی حکومت کے ظالمانہ اقدامات سے کشمیر کی صورتحال خراب ہو رہی ہے: دل خالصہ
سرینگر + نئی دہلی(این این آئی)سکھ تنظیم ” دل خالصہ“ کے سربراہ ہرپال سنگھ چیمہ نے کشمیر کے بارے میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے اپنے بیان کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی حکومت اور مقبوضہ علاقے میں اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ کے ظالمانہ اقدامات کے سبب مقبوضہ علاقے کی صورت حال دن بہ دن خراب ہوتی جا رہی ہے۔ ہرپال سنگھ نے کہا کہ ”انسانیت اور جمہوریت “ کے الفاظ انتہائی اچھے ہیں لیکن بھارتی رہنماﺅں ،جن کی تاریخ دھوکہ دہی کے سوا کچھ نہیں، کی زبان سے یہ الفاظ کھوکھلے لگتے ہیں۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا( مارکسٹ) نے کہا مقبوضہ کشمیر میں بہت خون بہایا گیا اور پیلٹ بندوق کا استعمال اب بند ہونا چاہیے۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسٹ) کے رہنماسیتا رام یچوری نے نئی دلی میں ایک بیان میں بھارتی حکومت سے کہا کہ وہ مقبوضہ علاقے کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے ایک کل جماعتی وفد علاقے میں بھیجے۔
دل خالصہ