مادر ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی گاڑیاں اصل حالت میں لانے کیلئے ماہرین کے سپرد
کراچی (آئی این پی) مادر ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کے زیر استعمال 2 تاریخی گاڑیاں اپنی اصل حالت میں واپس لانے کے لیے ماہرین کے حوالے کردی گئی ہیں۔ یہ اقدام حکومت پاکستان کی جانب سے اٹھایا گیا ۔ محترمہ فاطمہ جناحؒ کے زیر استعمال دونوں گاڑیاں سنہرے رنگ کی کیڈلک اور مرسڈیز بینز 200 زنگ آلود حالت میں نیشنل میوزیم کے گیراج میں موجود تھیں۔ ونٹاج اینڈ کلاسک کار کلب کے بانی محسن اکرام نے بتایا کہ وہ اسی گیراج میں ان گاڑیوں کی مرمت کریں گے۔ محسن اکرام نے 1992 میں موہٹہ پیلس میں ان گاڑیوں کی نشاندہی کی تھی اور تب سے وہ حکومت پر زور دے رہے ہیں کہ ان گاڑیوں کو محفوظ کیا جائے۔ محسن اکرام اپنی ٹیم کے ساتھ اس کام کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نیشنل میوزیم کے گیراج میں کام کرنے کے لیے پہلے گیراج کو درست حالت میں لانا ہوگا۔ ان کے مطابق گیراج میں روشنیاں موجود نہیں، دیواروں کا پلستر اکھڑ رہا ہے جبکہ بارش کے دوران چھت بھی ٹپکتی ہے۔ محسن اکرام نے بتایا کہ ابتدا میں ان کاروں کو درست حالت میں لانے کے بعد اسلام آباد کے آرمی میوزیم میں رکھنے کا منصوبہ تھا تاہم بعد ازاں اسے تبدیل کردیا گیا۔ اب ان گاڑیوں کو بحالی کے کام کے بعد قائد اعظم ہاؤس میوزیم یا فلیگ سٹاف ہاؤس میں رکھا جائے گا۔