زرعی آمدن پر انکم ٹیکس کا نوٹیفکیشن معطل‘ ہائیکورٹ نے وفاقی‘ پنجاب حکومت سے جواب مانگ لیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے کسانوں سے زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کے نوٹیفکیشن کو معطل کرتے ہوئے حکم امتناعی جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے وفاقی اور حکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ جسٹس شاہد بلال حسن نے سماعت کی۔ درخواست گزار محمود مظفر نامی کسان کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ حکومت نے کسان پیکج کے ساتھ ہی آمدن پر زرعی انکم ٹیکس عائد کر دیا جو سراسر ناانصافی ہے۔ زرعی انکم ٹیکس کا نفاذ کسی تخمینہ کے بغیر کیا جا رہا ہے جو بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ سیلابوں، مہنگی کھاد، مہنگے ڈیزل اور بجلی کی عدم دستیابی کے باعث کسان پہلے ہی مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں لہذا عدالت زرعی آمدن پر ٹیکس کو کالعدم قرار دے۔