اقلیتوں کے قومی دن پر مختلف شہروں میں تقریبات‘ ریلیاں
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملک بھر میں اقلیتوں سے اظہار یکجہتی اور ان کے حقوق کے تحفظ کا شعور اجاگر کرنے کے لئے قومی دن منایا گیا۔ اقلیتوں کے قومی دن کی منظوری 2009ء میں سابق وزیر شہباز بھٹی کی کاوشوں سے ہوئی تھی۔ اس حوالے سے تقاریب اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں اقلیتوں کی اہمیت ‘ ملک کی ترقی میں ان کا کردار اور ان کے حقوق کو اجاگر کیا گیا۔ لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں خطے کے دیگر ممالک کی نسبت زیادہ محفوظ ہیں، اسلامی تعلیمات ، قائداعظم اور علامہ اقبال کے ارشادات کی روشنی میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ تحریک پاکستان میں اقلیتی رہنمائوں نے قائداعظم اور دیگر رہنمائوں کے ہمراہ قیام پاکستان کے لیے بہت سی قربانیاں دیں ۔ عابد شیر علی نے تحریک پاکستان میں اقلیتی رہنمائوں کے کردار کو سراہا۔ ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر درشن لال نے پاکستان میں ہندوبرادری کی خدمات کو سراہا۔ طارق گل نے پنجاب میں مسیحی برادری کی پاکستان میں خدمات کا ذکر کیا۔ تقریب کے اختتام پر مختلف شعبوں میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے افراد اور نمایاں عہدوں پر فائز شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ تقریب میں سانحہ کوئٹہ(بلوچستان) میں شہید افراد کے لیے دومنٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ علاوہ ازیں سکھ ، ہندو ، عیسائی اور دیگر اقلیتوں نے’’ اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں‘‘ قومی نغمے پر خوبصورت سماں باندھ دیا۔