وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر سیاحت آصف محمود نے کلر کہار میوزیم کا افتتاح کر دیا، سیکریٹری سیاحت احسان بھٹہ، ڈی جی آرکیالوجی الیاس گل اور دیگر حکام اس موقع پر موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مشیر سیاحت آصف محمود نے کہا کہ کلر کہار میں سیاحت کو کافی فروغ دیا جا سکتا ہے اور یہاں میوزیم کے قیام سے سیاحوں کی تعداد میں بے حد اضافہ ہو گا۔ پنجاب حکومت مستقبل قریب میں صوبے کے تمام مشہور اور تاریخی سیاحتی مقامات پر میوزیم قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی الیاس گل نے کہا کہ کلرکہار میوزیم کے تعمیراتی کام کا آغاز 09-2008 میں ہوا تھا تاہم سٹاف کی عدم بھرتی کے سبب منصوبہ بار بار تاخیر کا شکار ہوتا رہا، اب تمام ضروری سٹاف بھرتی کر لیا گیا ہے اور میوزیم عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
ڈی جی آرکیالوجی نے کہا کہ میوزیم میں سیاحوں کی دلچسپی کیلئے تین گیلریاں قائم کی گئی ہیں، اس کے علاوہ ملازمین کیلئے دفاتر اور رہائش گاہیں بھی تعمیر کی گئی ہیں، یہاں آنے والے سیاحوں کو کلر کہار کی تاریخی اہمیت سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
سیکریٹری سیاحت احسان بھٹہ نے کہا کہ فوسل گیلری، انڈس گیلری اور گندھارا گیلری کے نام سے تین گیلریوں میں صدیوں پرانے نوادرات رکھے گئے ہیں، فوسل گیلری میں لاکھوں سال پرانے فوسلز موجود ہیں جبکہ انڈس اور گندھارا گیلریوں میں سات ہزار قبل مسیح سے لے کر پہلی اور ساتویں صدی عیسوی تک کے نودرات رکھے گئے ہیں، میوزیم میں پانچویں صدی سے لے کر آج تک کے سکے بھی سجائے گئے ہیں، اسی طرح پرانے زمانے کے زیورات، جنگی سازوسامان ضلع چکوال کی تاریخی اشیاء کو گندھارا گیلری میں رکھا گیا ہے۔