ہنڈی کا کاروبار کرنیوالی 2 ایکسچینز پر چھاپے، 3 کروڑ کی کرنسی برآمد
گجرات، سیالکوٹ (نامہ نگاران) ایف آئی اے گجرات نے ہنڈی کا غیر قانونی کاروبار کرنیوالی کرنسی ایکسچینج پر چھاپہ مار کر ایک کروڑ 71 لاکھ سے زائد کی ملکی و غیر ملکی کرنسی چار موبائل 2 کمپیوٹر دیگر سامان قبضہ میںلے لئے چوک پاکستان میں ہنڈی کا کاروبار کرنیوالے تین ملزمان ثناء اللہ معین طبیب بٹ کے قبضہ سے پونے دو کروڑ کی ملکی و غیر ملکی کرنسی درہم ریال پائونڈ یورو ڈالر سمیت دیگر ممالک کی کرنسی بھی برآمد کرکے مقامی عدالت سے چار روز کا ریمانڈ بھی حاصل کر لیا گیا۔ دریں اثناء سیالکوٹ میں ایف آئی اے نے بانو بازار میں چھاپہ مار کر کرنسی کا کام کرنے والے دو بھائیوں سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے گوجرانوالہ نے سیالکوٹ کے علاقہ سکائی کرنسی ایکسچینج بانو بازار میں چھاپہ مار کر دو بھائیوں شیخ اظہر اور شیخ مظہر کو گرفتار کرکے سوا کروڑ روپے کی ملکی و غیر ملکی کرنسی قبضہ میںلے لی۔ بعد ازاں ایف آئی اے ٹیم نے پراچہ ایکسچینج کے مالک ثاقب بھٹی کو گرفتار کرکے بیس لاکھ روپے کی کرنسی قبضہ میں لے کر تینوں کو مزید تفتیش کیلئے گوجرانوالہ منتقل کر دیا ہے۔