امنسٹی سکیم مسترد: ود ہولڈنگ ٹیکس قبول نہیں، تاجروں کے روپ میں حکومتی ٹاؤٹوں کا احتساب کیا جائیگا: تاجر کنونشن
ملتان( نمائندہ خصوصی )تاجر برادری ایمنسٹی سکیم کو مسترد کرتی ہے ، ودہولڈنگ ٹیکس کو مرتے دم تک قبول نہیں کریں گے، لوڈشیڈنگ نے کارروبار تباہ کرکے رکھ دیئے ہیں ،تاجروں کے روپ میں حکومتی ٹائوٹوں کا احتساب کیا جائیگا ، ملک میں چھوٹے تاجروں کے لئے ایوان صنعت و تجارت کی طرز پر سرکاری سرپرستی میں دفاتر قائم کئے جائیں ،الیکشن میں اس پارٹی کا ساتھ دیں گے جو تاجروں کے مسائل حل کریگی، جنوبی پنجاب کا استحصال کیا جارہاہے جو کہ تاجروں اور اس خطہ میں بسنے والے کروڑوں عوام کو منظور نہیں ہے ، ان باتوں کا اظہار آل پاکستان انجمن تاجران کے زیر اہتمام ملتان سٹی کے تاجر کنونشن میں تاجر رہنمائوں نے خطاب میں کیا ، تاجر کنونشن میں شہر کی 200سے زائد مارکیٹوں اور بازاروں کے عہدیداروں نے شرکت کی ،آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی نے کہا کہ قیام پاکستان سے لیکر آج تک کسی حکومت نے بھی چھوٹے تاجروں کے مسائل حل کرنے کی لئے سنجیدہ اقدامات نہیں کئے ، موجودہ حکومت نے تاجروں کو 0.6فیصد ودہولڈنگ ٹیکس کا تحفہ دیا جس کو مرتے دم تک قبول نہیں کریں گے ،ودہولڈنگ ٹیکس ناصرف تاجروںبلکہ عوام کے لئے بھی سوھان روح بنا ہوا ہے،بزرگوں ، بیوگان کی جو رقوم بینکوں میں جمع ان کو نکلواتے وقت بھی ٹیکس کٹوتی ہوتی ہے جوکہ افسوسناک ہے ، ملک میں عام تاثر یہی دیا جاتا ہے کہ تاجر ٹیکس نہیں دیتے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ تاجر درجنوں اقسام کے ٹیکس اداکرتے ہیں ، تاجر ٹیکس چور نہیں بلکہ چور تووہ ہیں جو اربوں لوٹ کر ملک سے باہرلے گئے، اس ملک میں ہر پیدا ہونے والا بچہ ایک لاکھ بیس ہزار روپے کا مقروض ہے ، حکومت آئی ایم ایف سے ڈکٹیشن لینے کی بجائے اگر ٹیکس وصولی کا کام تاجروں کو سونپ دے تو تاجردگنا ٹیکس دیں گے ، جنوبی پنجاب استحصال کیا جارہاہے یہ خطہ زرعی اجناس کی پیداوارکے حوالے سے مشہور ہے اور یہاں سے جمع ہونے والا ریونیو تخت لاہور پر خرچ کیا جارہاہے ،اربوں روپے کے فنڈزسے میٹرو بس کا منصوبہ شروع کیا گیا جس میں خالی بسیں سڑکوں پر ڈور رہی ہیں ، آج حکمرانوں کی جیبیں بھری اور پارٹی عوام کنگال ہوگئے ہیں ،آج تاجر اور عوام باشعور ہیں اور آئندہ الیکشن میں اس سیاسی پارٹی ووٹ دیئے جائیں گے جو تاجروں کی بات ایوانوں میں کریگی اور تاجروں کے مسائل حل کریگی،انہوں نے کہا کہ حکومت ایوان تجارت وصنعت کی طرز پر ملک کے بڑے شہروں میں چھوٹے تاجروں کے لئے سرکاری دفاتر قائم کرے گی،انہوں نے کہا کہ ملک میں لوڈشیڈنگ کا عذاب آیا ہوا ہے جس سے کارروبار تباہی سے دوچار ہیں ، بدقسمتی یہ ہے کہ آج تک کالاباغ ڈیم نہیں بن سکا اور ہمسایہ ملک انڈیا میں 75ڈیم بن چکے ہیں ، شہر میں پولیس اور میپکو افسران اپنا قبلہ درست کریں اگر ان محکموں کے افسران اور اہلکاروں نے اپنے رویے درست نہ کئے تو آنے والے دنوں میں میپکو دفاتر کا گھیرائو جبکہ پولیس کیخلاف ہر چوک پر دھرنے دیئے جائیں گے ،کارپوریشن میں کرپشن کی گنگا بہہ رہی ہے اور بیوروکریسی کارپوریشن کو دیمک کیطرح چاٹ رہی ہے۔آل پاکستان انجمن تاجران جنوبی پنجاب کے صدر شیخ جاوید اختر نے کہا کہ تاجروں کی تعداد صرف پنجاب میں ہی لاکھوں میں ہے کیلئے حکومتوں کی جانب سے کچھ بھی نہیں کیا گیاہے۔ اس موقع پرٹیکس ایمینسٹی سکیم کے نفاذ سے خدشات اورشکوک زیادہ پیداہوتے ہیں۔ عارف فصیح اللہ نے کہا کہ آج ہم نے اسی لئے تمام تاجروں کوایک جگہ اکٹھاکیاہے تاکہ ان کی مشاورت سے حکومت کو ایک واضح پیغام دے سکیں آج شہر کی سطح کااجلاس بلایاہے اگرہمارے مطالبات نہ مانے گئے توپھرپاکستان کی سطح کااجلاس بلاکرآئندہ کے لائحہ عمل کااعلان کریں گے۔خالد قریشی نے کہاکہ امن وامان کامسئلہ ہویالوڈشیڈنگ کادونوں مسائل بڑھے ہیں لوڈ شیڈنگ کبھی مرمت اورکبھی ٹرپنگ کے بہانے سے ہورہی ہے جبکہ شہر میں جگہ جگہ چوری ڈکیتی کی وارداتیں پہلے سے بہت بڑھ گئی ہیں۔جعفر شاہ نے کہاکہ حکومت کی طرف سے کبھی ایلیٹ فور س اورکبھی ڈولفن فورس بنادی جاتی ہے لیکن ان کے قیام کامقصد پورانہیں ہوتا اوران کو زیادہ تروی آئی پی ڈیوٹیز پرلگاکرشہریوں کو لاوارث چھوڑدیاجاتاہے۔تاجر رہنما زین العابدین نے کہاکہ تاجر براداری ٹیکس دینے میں پہلے نمبرپرہیںحکومت ان کوریلیف دینے کے خصوصی اقدامات اٹھائے ،اگرتاجروںنے شٹرڈاون کردیاتوپھر نہ عوام میں سکون ہوگا نہ حکومتی خزانے میں پیسہ آئے گا۔