اورنج ٹرین کی آزمائشی سروس کیلئے دن رات کام جاری ہے: خواجہ حسان
لاہور(خصوصی نامہ نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ اورنج لائن کے لیے 24واں ٹرین سیٹ بھی گزشتہ روز لاہور پہنچ گیا ہے۔ آخری تین ٹرین سیٹ آج لاہور پہنچیں گے اور 27 ٹرین سیٹوں کی درآمدمکمل ہو جائے گی، 14 ٹرین سیٹ ڈیرہ گجراں میں ڈپو اور13 علی ٹائون سٹیبلنگ یارڈ میں کھڑے کئے جائیں گے ۔ٹرین کی آزمائشی سروس جلد شروع کرنے کے لئے ٹریک پر پٹری بچھانے کے ساتھ ساتھ الیکٹریکل و مکینکل کا کام بھی دن رات جاری ہے ۔ میٹروٹرین کے ٹریک کو آرائشی روشنیوں سے سجانے کے لئے پی ایچ اے بین الاقوامی معیار کے مطابق لائٹنگ سسٹم ڈیزائن کر رہا ہے ۔ ٹرین بجلی سے چلانے کے لئے انجینئرنگ یونیورسٹی کے قریب الیکٹرک سب سٹیشن کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جسے جلد ہی آپریشنل کر دیاجائے گا۔ وہ اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے - اجلاس میں چیف انجینئر ٹیپا مظہر حسین خان اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔