سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز کے تمام دفاتر میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب
اسلام آباد(وقائع نگار) سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز کے تمام دفاتر میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے گئے ہیں جبکہ ان کیمروں کی ریکارڈنگ اور نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر ز میں کنٹرول روم بھی بنا دیا گیا ہے جہاں 24 گھنٹے ان کیمروں کی مدد سے موئثر نگرانی کی جائے گی۔ چند ماہ قبل سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیر زادہ کی ہدایت پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا منصوبہ تیار کیا گیا اور ٹینڈر کے ذریعے ان کیمروں کی تنصیب کا کنٹریکٹ دیا گیا اور اب ان کیمروں کو باقاعدہ فنکشنل کر دیا گیا ہے۔ سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیرزادہ نے بتایا کہ ان کیمروں کی مدد سے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں موجود تمام دفاتر کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کل 75 کیمرے نصب کیے گئے ہیں جن میں 66 کیمرے مستقل جبکہ 05کیمرے چاروں اطراف کی ریکارڈنگ کریں گے اور پانچ Fish Eye کیمرے بھی لگائے گئے ہیں ۔یہ کیمرے ہیڈ کوارٹر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی نصب کئے گئے ہیں جبکہ ہیڈ کوارٹرز سے متصل سی ڈی اے کے پیٹرول پمپ پر بھی جدید کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیرزادہ نے بتایا کہ سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز کی مانیٹرنگ اور سیکورٹی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا منصوبہ شروع کیا گیا تھا جو مکمل ہو چکا ہے اور اب جدید ٹیکنالوجی کے باعث موئثر مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کیمروں کی ریکارڈنگ کی مدد سے سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہیڈ کوارٹرز کے اندر باقاعدہ کنٹرول روم بنایا گیا ہے جہاں دن رات شفٹوں میں عملہ ڈیوٹی سر انجام دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت کے مطابق کیمروں کی ریکارڈنگ سے بھر پور مدد ملے گی جس کے لیے روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی ریکارڈنگ کو محفوظ کیا جائے گا۔ ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیر زادہ نے بتایا کہ کنٹرول روم میں 05 جدید ایل سی ڈی بھی لگائی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قبل ازیں ہیڈ کوارٹرز میں چند سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے تھے تاہم ان کی دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے یہ کیمرے خراب حالت میں تھے جس پر انہوں نے سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے نئے کیمروں کی تنصیب کی ہدایت کی تھی اور اب سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز کے تمام دفاتر کی موئثر مانیٹرنگ ممکن ہو گئی ہے ۔