پاکستان ریلویز نے موسم گرما میں ٹرینوں کے نئے ٹائم ٹیبل کا اعلان کر دیا
اسلام آباد(خبر نگار)پاکستان ریلویز نے موسم گرما میں ٹرینوں کے نئے ٹائم ٹیبل کا اعلان کر دیاہے پندرہ اپریل سے لاگو ٹائم ٹیبل میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا گیاہے۔نئے ٹائم ٹیبل میں کراچی سے میر پور خاص کے درمیان چلنے والی مہران ایکسپریس بحال کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ مہران ایکسپریس کے نئے ریک کا افتتاح تیرہ اپریل کو گورنر سندھ کریں گے۔اس کے علاوہ 9 ٹرینوں کو اضافی سٹاپ دے دئیے گئے، 12 ٹرینوں کے ڈپیارچر ٹائم ری شیڈول کر دئیے گئے ہیں۔نئے ٹائم ٹیبل کے مطابق علامہ اقبال ایکسپریس اب لانڈھی، ہزارہ ایکسپریس گھوٹکی اور عوام ایکسپرس ڈرگ روڈ ریلوے اسٹینشوں پر بھی رکیں گی جبکہ ملت ایکسپریس چناب نگر، بہاوالدین زکریا ایکسپریس ڈرگ روڈ، شالیمار ایکسپریس خانیوال میں سٹاپ کریں گی۔ اسی طرح فرید ایکسپریس میر پور میتھیلو، پاکستان ایکسپریس گھوٹکی اور پڈعیدن اور مہر ایکسپریس بسال شریف پر بھی رکیں گی۔ 15 اپریل سے عوام ایکسپریس پشاور سے صبح نو بجے کی بجائے ساڑھے آٹھ بجے روانہ ہو گی، بدر ایکسپریس لاہورسے شام6بجکر15منٹ کی بجائے شام7بجکر15منٹ پر اور غوری ایکسپریس سہ پہر3بجکر05منٹ کی بجائے سہ پہر 03بجکر 30منٹ پر فیصل آباد سے روانہ ہوگی۔اسی طرح سرگودھا ایکسپریس سرگودھا سے صبح 4بجکر30منٹ کی بجائے 4بجکر 15منٹ پرروانہ ہوگی، کوہاٹ ایکسپریس کوہاٹ کینٹ سے صبح ساڑھے سات بجے کی بجائے سات بجے، چناب ایکسپریس لالہ موسی سے سہ پہر3بجکر30منٹ کی بجائے چار بجے روانہ ہو گی۔جبکہ ساندل ایکسپریس ملتان سے صبح 6بجکر 30منٹ کی بجائے پانچ بجکر پچاس منٹ پر، اٹک پسنجر ماڑی انڈس سے الصبح3 بجکر 20 منٹ کی بجائے پونے تین بجے، راولپنڈی پسنجر راولپنڈی سٹیشن سے صبح آٹھ بجے کی بجائے صبح ساڑھے سات بجے اور مکسڈ ٹرین سرگودھا سے صبح ساڑھے دس بجے کی بجائے گیارہ بجے روانہ ہو گی۔ اسی طرح بولان میل کو مارشلنگ یارڈ پیپری، خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو چھب، موسی پاک اور ملتان ایکسپریس چیچہ وطنی اور کوہاٹ ایکسپریس کو بابری بنڈہ پر مستقل سٹاپ کی اجازت دے دی گئی۔ نئے ٹائم ٹیبل میں سکھر ایکسپریس خیرپور میں دو کی بجائے پانچ منٹ، بولان میل سیہون میں دو کی بجائے پانچ منٹ جبکہ خوشحال خان خٹک ایکسپریس بھی سیہون میں پانچ منٹ سٹاپ کریں گی۔ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمید رازی نے موسم گرما کا نیا ٹائم ٹیبل جاری کر دیاہے جس کی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے با قاعدہ منظوری دے دی ہے۔وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نئے ٹائم ٹیبل میں سندھ اور کراچی کے مسافروں کی سہولت کا خاص خیال رکھا گیا ہے، مہران ایکسپریس کی بحالی کے ساتھ موجودہ ٹرینوں کو نئے سٹاپ دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے پر مسافروں کا اعتماد بڑھا ہے جو ہماری کارکردگی، کمٹ منٹ اور معیار میں بہتری پر مہر تصدیق ثبت کرتا ہے۔