وفاقی تعلیمی اداروں کے ڈیلی ویجز و کنٹریکٹ اساتذہ کے احتجاج کو ایک سو ایک دن مکمل
ا سلام آباد(نا مہ نگار) وفاقی تعلیمی اداروں کے ڈیلی ویجز و کنٹریکٹ اساتذہ کے احتجاج کو ایک سو ایک دن مکمل ہونے کے موقع پر احتجاجی اساتذہ نے وزیرمملکت برائے کیڈ طارق فضل چودھری کے گھر کاگھیرائو کرتے ہوئے مطالبات کی منظوری تک دھرنا دینے کا اعلان کردیا تاہم بعد ازاں وزیر مملکت کے ساتھ مذاکرات اور مسئلہ حل کرانے کی یقین دہانی پر دھرنا عارضی طورپر ختم کردیا گیاہے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سرکاری تعلیمی اداروں کے ڈیلی ویجز اساتذہ کے احتجاج کو 101 دن مکمل ہوگئے ہیں جبکہ گزشتہ روز نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاج پر بیٹھے اساتذہ نے دارالحکومت کے نواحی علاقہ چھٹہ بختاور میں قائم وزیرمملکت طارق فضل چودھری کے گھر کا گھیراؤ کر لیا،احتجاجی اساتذہ میں وفاقی نظامت تعلیمات کے ڈیلی ویجزاساتذہ،غیر تدریسی عملہ بھی شامل تھا ۔مظاہرین کا کہنا تھاکہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔اساتذہ نے بتایاکہ 101 دن تک سراپا احتجاج رہنے کے باوجود بھی ہماری کوئی سن نہیں رہا ہے۔اساتذہ کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوچکے ہیں،حکومت ہمارے مطالبات حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے، اساتذہ نے الزام لگایاکہ وزیر کیڈ ڈاکٹر فضل چوہدری نے ان کے ساتھ وقتاً فوقتاً وعدے تو کیے لیکن یہ وعدے وفا نہیںہوئے۔بعد ازاں مظاہرین نے وزیر کیڈ طارق فضل چوہدری سے مذاکرات جو کہ کامیاب رہے ۔ اس موقع پرطارق فضل چوہدری نے احتجاجی اساتذہ کو بتایاکہ 25اپریل کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوں گااورعدالت سے درخواست کروں گا کہ باقی رہ جانے والے ملازمین کو مستقلی کا حکم دیا جائے،طارق فضل چوہدری نے اعتراف کیا کہ بیوروکریسی مستقلی کے معاملے میں روڑے اٹکارہی ہے،سرکاری تعلیمی اداروں کے اساتذہ کی مستقلی کا معاملہ کابینہ میں بھی لے کر جاؤں گا۔ اس موقع پر احتجاجی اساتذہ نے دھرنا عارضی طورپر ختم کردیا تاہم روزانہ کی بنیاد پر جاری احتجاجی سلسلہ برقرار رکھنے کا اعلان کیاہے ۔