خواتین کی خدمات کا اعتراف قابل قدر کارنامہ ہے، ناصر حسین شاہ
کراچی(کلچرل رپورٹر ) پاکستان کی پانچ ممتاز خواتین بیگم سعدیہ راشد،چیئرمین ہمدرد فائونڈیشن۔ بیگم شہناز وزیر علی،صدر زیبیسٹ۔ ڈاکٹر پروین شاہ ، وائس چانسلر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور۔ ممتاز افسانہ نگار شمع خالد اور تارا عذرا دائود، صدر دائود گلوبل فائونڈیشن۔ کو منگل کی سہ پہر ایک شاندار تقریب میں ماہنامہ ’اطراف‘ کی طرف سے اعترافِ خدمت اعزاز 2018پیش کیے گئے۔ ملک کے معروف صنعت کار۔ یونیورسٹیوں میں تحقیق کے سرپرست سردار یٰسین ملک تقریب کی صدارت کررہے تھے۔ وزیر اطلاعات حکومت سندھ سید ناصر حسین شاہ اور میئر کراچی وسیم اختر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کاروباری برادری کے رہنما ۔ٹڈاپ کے سربراہ ایس ایم منیر نے پاکستان میں ہر شعبے میں خواتین کی شرکت کو ملکی ترقی کے لیے خوش آئند قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہنامہ ’اطراف‘ کے چیف ایڈیٹر اور ممتاز صحافی محمود شام کی جانب سے ہر سال مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیتی معزز خواتین کی صلاحیتوں کو خراج تحسین بہت نیک اقدام ہے۔ وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے بھی خواتین کی خدمات کے اعتراف کو قابل قدر کارنامہ قرار دیا۔ میئر کراچی وسیم اختر نے تعلیم کے شعبے میں خواتین کے کارناموں کو سراہا اور کہا کہ کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن بھی خواتین کی بہبود کے لیے نمایاں منصوبوں پر عملدرآمد کررہی ہے۔ سردار یاسین نے کہا کہ سب سے پہلے اسلام کی دعوت قبول کرنے والی بھی ایک خاتون حضرت خدیجہؓ ہی تھیں۔ خواتین کے حقوق کا تحفظ اسلام سے بہتر کوئی مذہب نہیں کرتا۔ پانچ ممتاز خواتین کے علاوہ ۔ سندھ مدرسۃ الاسلام یونیورسٹی۔ امن فائونڈیشن۔ حبیب بینک میٹرو پولیٹن میں بہترین کارکردگی پرطلبہ و طالبات اور خواتین کو بھی شیلڈز پیش کی گئیں۔ تقریب میں شہر کی معروف علمی و ادبی کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔