پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس عالمگیر خیر سگالی کے دورے پر جدہ پہنچ گیا
جدہ (امیر محمد خان) پاکستان بحریہ کا جہاز پی این ایس عالمگیر سعودی عرب کے خیر سگالی دورے پر جدہ پہنچا۔ عالمگیر کے کمانڈر آفیسر تصور اقبال نے، سعودی بحریہ کے افسران، دوست ممالک کے قونصل جنرلز، سفارتکار اور پاکستان کمیونٹی کے نمائندوں کے اعزاز میں ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا‘ پاکستان قونصلیٹ کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔استقبالیہ اور ڈنر کا اہتمام بحری جہاز کے ڈیک پر کیا گیا تھا۔ کموڈور محمد سعید نے سعودی رائل بحریہ کی نمائندگی کی۔ کمانڈنگ آفیسر نے مہمانوں کو بحری جہاز آمد پر خوش آمدید کہا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے سعودی حکومت کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کیلئے ہر پاکستانی اپنے دل میں ایک خاص جگہ رکھتا ہے۔ انہوں نے سعودی حکومت کا بحری بیڑے کے افسران اور سپاہیوں کو عمرہ کی سعادت دینے پر بھی شکریہ ادا کیا۔