پولیس لائن میں تعینات نفری کی حاضری شروع کر دی: عبداﷲ میمن
ملتان (کرائم رپورٹر) ایس پی ہیڈ کوارٹر و صدر ڈویژن عبداللہ میمن نے کہا ہے کہ پولیس لائن میں تعینات پولیس نفری کی حاضری شروع کر دی ہے اور تمام اہلکاروں کو ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چارج سنبھالتے ہی صدر ڈویژن کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز و تفتیشی افسران کو زیر تفتیش مقدمات میرٹ پر نمٹانے بارے کہا ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر ڈویژن میں چونکہ تمام تھانے دیہاتی علاقوں پر مشتمل ہیں اس لئے جرائم کے طریقہ کار مختلف ہیں جس کی روشنی میں ٹیمیں تشکیل دی ہیں اور بہتر نتائج کی توقع ہے۔