سپیکر بار بار خاموش کراتے رہے‘ ارکان نے بات سنی اَن سنی کر دی
اسلام آباد ( رستم اعجاز ستی /نامہ نگار) پارلیمنٹ کئے مشترکہ اجلاس میں پانامہ لیکس کے معاملے پر اپوزیشن اور حکومتی ارکان کے درمیان الزامات اور جوابی الزامات کا سلسلہ جاری رہا۔ اپوزیشن ارکان کی بدن بولی سے لگتا ہے کہ پانامہ لیکس کا معاملہ بن برسے ٹلنے والی گھٹانہیں، سینٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے ٹھوس دلائل کیساتھ سخت تقریر کی اور پانامہ لیکس کے معاملے میں حکومت پر طنزیہ وار کئے، انکی تقریر کے دوران حکومتی و دیگر اپوزیشن ارکان کے درمیان جملے بازی کا مقابلہ جاری رہا سپیکر بار بار نشستوں پر کھڑے ہوجانے والے ارکان کو خاموش کرانے کی کوشش کرتے رہے ‘لیکن ارکان نے سنی ان سنی کر دی ۔حکومتی اراکان کو اجلاس کے شروع میں کچھ سمجھ ہی نہیں آ رہی تھی کہ کیا حکمت عملی اپنائی جائے تاہم بیس منٹ کے بجائے نماز ظہر کے دو گھنٹے کے وقفے کے بعد حکومتی اراکین نے بھی جارحانہ انداز اپنایا، اعتزاز احسن نے طنزیہ وار کرتے ہوئے تقریر شروع کی اور کہا کہ حافظ آباد کی جس ماں کا ذکر کیا تھا جو اپنے بیٹے کو تھانے سے چھڑا کر لے آئی اور بڑی پریشان تھی کہ اسکے بیٹے کی عادات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور وہ ویسے کا ویسا نا فرمان ہے اور بہت تنگ کرتا ہے لیکن اسکے باوجود وہ تھانیدار کو نہیںبلاتی کہ بیٹے کو دوبارہ نہ لے جائے ہمیں بھی خوف یہی ہے کہ جسکی وجہ سے حکومت کی حمایت پر مجبور ہوئے ہیں کہ کہیں تھانیدار نہ آجائے، وقفے کے بعد حکومتی ارکان کی جملے بازی پر اعتزاز احسن نے کہا کہ لگتا ہے کہ دو گھنٹے کے وقفے میں آپکے کان کھینچے گئے ہیں کہ صبح کیوں خاموش رہے اعتزاز احسن کی تقریر کے دوران اپوزیشن اراکین ڈیسک بجاتے رہے، جبکہ چور مچائے شور کے نعرے حکومتی اراکین لگاتے رہے، ایک موقع پر بہت شور شرابا شروع ہو گیا تو سپیکر نے کہا کہ یہ گنڈیریاں کون بیچ رہا ہے جس پر قہقہہ لگا، اعتزاز احسن کے جواب میں مشاہد اللہ خان نے دھواں دھار تقریر کی اور ایل پی جی کوٹے تک کا ذکر کر ڈالا انکی تقریر کے کچھ الفاظ سپیکر نے حذف کروا دیئے جس پر قہقہہ لگا، اجلاس کے دوران عوامی مسائل پر کوئی خاص بات نہیں کی گئی، سارے ہی اپنی اپنی مرضی کا سچ بولتے رہے حتیٰ کہ پرویز مشرف کے دور کے وزیر اطلاعات شیخ رشید احمد نے بھی کہا کہ موجودہ وزیر اطاعات پرویز رشید اگر سچ بولیں تو انکی سیاست ختم ہوجائیگی، بات شیخ صاحب نے سچی کی لیکن وہ خود اگر مشرف دور میں سچ بولتے تو کیا ہوتا؟۔