حکومت بھارتی سرکار کی ریاستی دہشت گردی کو عالمی سطح پر بے نقاب کرے: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بی جے پی سرکار نے 8 لاکھ بھارتی فوج کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ بھارت کی مختلف ریاستوں میں کشمیری طلباء و تاجروں کو قتل اور انہیں منظم منصوبہ بندی کے تحت ہراساں کیا جارہا ہے، حکومت پاکستان بھارت سرکار کی ریاستی دہشت گردی کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کرے، دنیا سے ظلم اور فساد کا خاتمہ قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل کئے بغیر ممکن نہیں ہے، مسلم معاشروں میں فرقہ وارانہ قتل و غارت گری سے اسلام دشمن قوتیں فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ علماء کرام اپنی ذمہ داری ادا کریں اور قوم میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کریں۔ وہ مرکز القادسیہ میں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ حافظ سعید نے مزید نے کہاکہ کفر کی سازشوں کے خاتمہ کیلئے عالم اسلام کا متحد ہونا بہت ضروری ہے، مسلم حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے قدموں پر کھڑے ہوں اورکفار کے مطالبات تسلیم کرنے کی بجائے ملکی و قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں ترتیب دیں، جب تک مسلم حکمران اغیار کی ذہنی غلامی سے نہیں نکلیں گے ملکوں و معاشروں میں امن و سکون قائم نہیں ہو گا۔ بعض نام نہاد دانشور کہتے ہیں کہ آج کے حالات میں ہمیں خود کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ہوگا‘ اس کے بغیر ہم دنیا میں ترقی نہیں کر سکتے۔ ہمیں اپنی سوچ و فکر کو درست کرنا ہوگا۔ حکمران و سیاستدان کہتے ہیں کہ دنیا گلوبل ویلج بن چکی ہے‘ ہم دنیا سے الگ نہیں رہ سکتے۔ اس لئے امریکہ و یورپ کی بات ماننا ہماری مجبوری ہے۔ ایسی باتیں ذہنی غلامی کی انتہا ہیں۔