پنجاب میں اپوزیشن لیڈر کو شیڈو کابینہ بنانے کا حکم دیا جائے: ہائیکورٹ میں درخواست
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی رولز میں ترمیم اور شیڈو کابینہ بنانے کیلئے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست سماعت کیلئے پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ درخواست پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے شیراز ذکا ایڈووکیٹ کے توسط سے درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا ہے کہ پارلیمانی نظام میں اپوزیشن لیڈر کی شیڈو کابینہ ہوتی ہے۔ پاکستان کا پارلیمانی نظام برطانوی طرز پر ہے جس کے مطابق شیڈو کابینہ ہونا لازم ہے۔ درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کو پبلک اکائونٹس کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا ہے لیکن وسائل نہ ہونے کی وجہ سے چیئرمین حکومتی کابینہ کے معاملات کا جائزہ نہیں لے سکتا۔ درخواست گزار نے استدعا کہ ہے کہ عدالت پنجاب اسمبلی رولز 1997ء میں ترمیم کا حکم دے اور اپوزیشن لیڈر کو شیڈو کابینہ بنانے کا حکم بھی جاری کیا جائے۔