تحریک انصاف میں دھڑے بندی، جہانگیر ترین، علیم خان پارٹی الیکشن سے دستبردار
لاہور+ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ این این آئی )پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت میں دھڑے بندی شدت اختیار کرجانے کے بعد جہانگیر ترین اور علیم خان نے انٹرا پارٹی الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کیا۔ پارلیمنٹ ہاو¿س کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ پارٹی میں کچھ دھڑے بندی ہوگئی ہے اسی لئے دھڑے بندی کے خاتمے کے لئے انہوں نے انٹرا پارٹی الیکشن سے لاتعلقی کا قدم اٹھایا جب کہ اپنے فیصلے سے چیئرمین عمران خان کو آگاہ کردیا ہے اور یہ فیصلہ پارٹی کے وسیع تر مفاد میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی تقسیم ہوتے نہیں دیکھ سکتا، ایک کارکن کی طرح پارٹی کی خدمت اور اتحاد کے لئے کوشاں رہوں گا، ضروری ہے کہ تحریک انصاف میں دراڑیں روکی جائیں، پارٹی میں کبھی کوئی عہدہ مانگا اور نہ مانگوں گا، کشتیاں جلا کر عمران خان کے قافلے میں شامل ہوا۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنماءعبدالعلیم خان نے انٹرا پارٹی الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے عمران خان کے نظریے کو پسند کرتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی، وہ پارٹی کے کسی عہدے کے طلب گار نہیں، ان کا مقصد صرف اور صرف ملک کو مسلم لیگ (ن) کی کرپشن سے آزاد کرانا ہے ¾وہ پارٹی میں کسی قسم کا انتشار نہیں چاہتے اور اپنی جماعت کو متحد رکھنے کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔ عبدالعلیم خان نے انٹرا پارٹی الیکشن ملتوی کرنے کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے کہا آج ہماری تمام تر توجہ مسلم لیگ ن پر مرکوز ہونی چاہیے ایک مرتبہ پھر پاکستان فیصلہ کن موڑ سے گزر رہا ہے اور وقت آ گیا ہے وطن عزیز کو کرپشن ،اقربا پروری ،غربت اور دیگر برائیوں سے پاک کرنے کےلئے صحیح معنوں میں صاف اور شفاف قیادت کو سامنے لایا جائے شریف خاندان کی کرپشن کو چھپانے کی کوشش کی گئی تو ہم ہر حد تک جائیں گے۔