آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس ٹورنامنٹ اے جی پنجاب کی ٹیم نے 2 رنز سے جیت لیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) کرکٹ سینٹر گرائونڈ ماڈل ٹائون میں کھیلے گئے پہلے آڈٹ اینڈ اکائونٹس کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں اے جی پنجاب کرکٹ ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈائریکٹر جنرل آڈٹ اینڈ اکائونٹس کو 2 رنز سے ہرا کر ٹرافی جیت لی۔ میچ سے قبل مہمانِ خصوصی ظفر رضا حسن ڈائریکٹر جنرل اکائونٹس پنجاب کا کھلاڑیوں سے تعارف کروایا گیا۔ اے جی پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 30 اوورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 245 رنز بنائے۔ عمران اختر ورک نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 128، محمد خالد حبیب 65، محمد ارشد 35 اور کاشف غالب نے 28 رنز بنائے۔ ڈی جی اکائونٹس کی طرف سے امتیاز تارڑ نے 3/40، راجا سکندر 2/35 اور زاہد رشید نے 1/45 وکٹ حاصل کیں۔ جواب میں ڈی جی اکائونٹس مقررہ 30 اوورز میں تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 243 رنز بنا سکی۔ راجا سکندر نے 75، محسن علی 68، محمد آصف 38 اور امتیاز تارڑ نے 35 رنز بنائے۔ اے جی پنجاب کی طرف سے مبشر علی نے 4/18، علی رضا 2/35، خرم نعیم 2/22 اور علی ارشاد نے 2/30 وکٹ حاصل کیں۔