کیمیکل سکینڈل کیس : وزیراعظم کے بیٹے کو عدالت میں پیش ہو کر صفائی دینی چاہئے : مسلم لیگ (ن)
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم گیلانی کے صاحبزادے سید علی موسیٰ گیلانی کو کیمیکل سکینڈل کیس میں عدالت میں پیش ہو کر صفائی دینی چاہئے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کے سینیٹر مشاہد اللہ خان کہا کہ معاشرے میں کرپشن کا زہر پھیلنے سے روکنے کے لئے ضروری ہے کہ حکمران الزامات لگنے کی صورت میں خود کو عدالت کے روبرو پیش کر دیں وگرنہ معاشرے کو کرپشن سے پاک کرنے کی توقع نہیں کی جا سکے گی۔ سینیٹر مشاہد اللہ خان نے نوائے وقت سے گفتگو میں کہا کہ عدالت کے سامنے یہ بات لائی گئی ہے کہ وزیراعظم نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سیکرٹری وزارت انسداد منشیات کو یہ ہدایت کی کہ عدالت عظمیٰ سے غیر رجسٹرڈ ادویہ ساز کمپنیوں ”ڈینکس فارما“ اور ”برلیکس لیپ“ انٹرنیشنل کو غیر قانونی طورپر 9 ہزار کلو گرام ایفڈ رین درآمد کرنے کے لائسنس جاری کرنے کا مقدمہ واپس لے لیا جائے۔ بتایا گیا کہ یہ لائسنس غیر قانونی طور پر ایک شخص توقیر علی خان کے شدید اصرار پر جاری ہوا جس کا دعویٰ تھا کہ وہ وزیراعظم سید یوسف گیلانی کے صاحبزادے رکن قومی اسمبلی سید علی موسیٰ گیلانی کا پرائیویٹ سیکرٹری ہے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ فوج کے زیرانتظام چلنے والے ادارے اینٹی نارکو ٹکس فورس (اے این ایف) نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کیا اور سید موسیٰ گیلانی کو بھی طلبی کا نوٹس جاری کیا جس کا انہوں نے جواب نہیں دیا تھا۔ اب یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ گیلانی رکن قومی اسمبلی اور ذمہ دار شہری ہونے کے ساتھ ساتھ وزیراعظم پاکستان کے صاحبزادے ہیں اگر ان کے ہاتھ صاف ہیں تو انہیں عدالت کے روبرو اپنی صفائی پیش کرنی چاہئے۔
مسلم لیگ (ن)/ مطالبہ
مسلم لیگ (ن)/ مطالبہ