سعودی عرب کوپاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے پرکوئی اعتراض نہیں ہے، جبکہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کا ازسر نو تعین پارلیمانی سفارشات کی روشنی میں کیا جائے گا۔ عبدالباسط
دفترخارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان ڈاکٹرعبدالباسط نے کہا کہ سعودی عرب کے نائب وزیرخارجہ کے حالیہ دورہ اسلام آباد میں پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی اورسعودی عرب کو اس منصوبے پرکوئی تحفظات نہیں ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کا ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے میں دوبارہ شمولیت کا کوئی علم نہیں۔ پاک امریکہ تعلقات پربات کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی عہدیداروں کے حالیہ دوروں کا مقصد کشیدہ تعلقات میں بہتری لانا ہے۔ پاک امریکہ تعلقات کوختم نہیں کیا جا سکتا تاہم دونوں ممالک کے تعلقات میں بحالی کی بنیادی شرط پارلیمانی سفارشات ہیں جن کا انتظارکیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹرعبدالباسط نے بتایا کہ پاکستان نے مئی میں امریکہ کے شہر شکاگو میں ہونے والی افغانستان سمٹ میں شرکت کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا لیکن وزیراعظم یوسف رضا گیلانی مئی کے دوسرے ہفتے میں برطانیہ کا دورہ کریں گے۔