کے ایم سی ہیڈ آفس کے اطراف پارکنگ ممنوع ہو گی ،افتخار شلوانی
کراچی (خبر نگار) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ فٹ پاتھوں پر کسی قسم کی پارکنگ یا تجاوزات قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کے ایم سی بلڈنگ کے اطراف تمام فٹ پاتھوں پر ہر قسم کی پارکنگ ممنوع ہوگی ، سائیکل مارکیٹ کچہری روڈ پر کھڑے ہوئے پانی کو فوری صاف کیا جائے ، سڑکوں پر ایک لین میں گاڑیاں پارک کی جائیں بصورت دیگر پارکنگ کے ذمہ د ار کنٹریکٹرز کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاہے کہ ایک لین سے زیادہ پارکنگ ہونے کی وجہ سے ٹریفک بری طرح بلاک ہوتا ہے اور شہریوں کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے، یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز کے ایم سی بلڈنگ کے اطراف کادورہ کرتے ہوئے کہی،سینئر ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن مسعود عالم‘ سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بشیر صدیقی‘ سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشد اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں صفائی کے آغاز ، تجاوزات کے خاتمے اور پارکنگ کی درستگی کے لیے کے ایم سی بلڈنگ اور اس کے اطراف سے آغاز کیا گیا ہے اس کے بعد یہ سلسلہ پورے شہر تک بڑھایا جارہا ہے ۔کے ایم سی بلڈنگ کے دورہ کرتے ہوئے انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ کے ایم سی بلڈنگ کے سامنے والے حصے میں لگے ہوئے شیشوں کو صاف کیا جائے اور شفاف شیشے لگائے جائیں، فٹ پاتھوں پر رنگ و روغن کیا جائے اور مرکزی دروازے کے سامنے زیبرا کراسنگ بنائی جائے اور عمارت میں تعمیر کے وقت جو تختیاں نصب کی گئی تھیں انہیں صاف ستھرا کیا جائے کیونکہ یہ تاریخی عمارت ہے اور اس عمارت کو اصل حالت میں رکھنا ہماری ذمہ داری ہے ،ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کے ایم سی بلڈنگ کے عقب میں واقع سڑک بند ہونے اور فٹ پاتھ پر سٹی کورٹ کے دروازوں پر بنے ہوئے پختہ کمروں کا بھی نوٹس لیا اور ہدایت کی کہ متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کر کے انہیں ہٹایا جائے ۔